21 جون، 2026، 4:58 PM

سوئٹزرلینڈ میں مذاکرات کا آغاز؛ لبنان میں جنگ بندی سمیت منجمد اثاثوں پر بحث

سوئٹزرلینڈ میں مذاکرات کا آغاز؛ لبنان میں جنگ بندی سمیت منجمد اثاثوں پر بحث

ایران کے منجمد مالی اثاثوں اور لبنان میں جامع جنگ بندی کے موضوعات پر ایران، امریکا اور قطر کے درمیان سہ فریقی اجلاس اس وقت مذاکراتی مقام پر جاری ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اتوار کے روز سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے ایران-امریکہ مذاکرات کے آغاز سے قبل ایرانی اور امریکی وفود نے پاکستانی اور قطری ثالثوں کے ساتھ علیٰحدہ علیٰحدہ ملاقاتیں کیں۔

قطری وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی کی سربراہی میں قطری وفد نے ایرانی وفد سے ملاقات کی؛ جبکہ پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستانی وفد نے امریکی وفد سے ملاقات کی۔

امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس  کر رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس موقع پر ایرانی وزیرِ خارجہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب سے بھی ملاقات کی۔

واضح رہے ایرانی مذاکراتی ٹیم کی ڈاکٹر قالیباف قیادت کر رہے ہیں۔

اسی دوران امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، امریکی خصوصی نمائندہ اسٹیو وٹکوف  اور جیرڈ کشنر نے سوئٹزرلینڈ کے علاقے برگن اسٹاک میں پاکستانی ثالثوں سے ملاقات کی، جہاں ایرانی وفد کے ساتھ مذاکرات آج دوپہر شروع ہونے تھے۔

امریکی وفد کو پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف عاصم منیر سے مصافحہ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

یاد رہے ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے آج اس سے قبل اپنے سوئس ہم منصب سے بھی ملاقات کی۔

ایرانی وفد کے ہمراہ موجود وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے میڈیا کو بتایا کہ مذاکرات ایک روزہ ہونے کی توقع ہے اور آج ہی اختتام پذیر ہو جائیں گے۔

یاد رہے ایران نے لبنان پر جاری اسرائیلی جارحیت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے آبنائے ہرمز کو بند کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران لبنان کے مسئلے پر بحث کے لیے ایک ہنگامی اجلاس بھی رکھا گیا ہے۔

سوئس میزبانوں نے ان مذاکرات کو لیک لوسرن سمٹ کا نام دیا ہے، جس میں ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات پاکستانی اور قطری اعلیٰ حکام کی ثالثی میں ہو رہے ہیں۔

News ID 1939885

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha